اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر ایمرجنسی پروگرام ڈاکٹر مائیک ریان نے میڈیا بریفنگ میں ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ڈبلیو ایچ او یہ نہیں بتا سکتا کہ کورونا وائرس کب ختم ہوگا،کیونکہ ہو سکتا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کا 100 فیصد خاتمہ ناممکن ہو اور اس کو کبھی بھی مکمل طور پر ختم نہ کیا جا سکے، انہوں نے مزید کہا کہ ممکن ہے کہ یہ وائرس ابھی ختم نہ ہو اور کوئی اور نیا وائرس سامنے آ جائے اس سے قبل ایڈز جیسے وائرس بھی سامنے آئے جو آج تک معاشرے میں موجود ہیں مگر ان کے ساتھ ساتھ لوگ
احتیاطی تدابیر اپنا کر اچھی زندگی گزار سکتے ہیں مگر وہ وائرس آج بھی اپنی جگہ پر موجود ہیں۔ڈبلیو ایچ او کے بیان کے بعد معاشرے کے مختلف طبقات میں تشویش کی لہر پائی جاتی ہے مگر اس تشویش اور عالمی وبا سے بچنے کا ایک ہی حل ہے کہ احتیاطی تدابیر کو اپناتے ہوئے گھروں میں محدود رہا جائے اور لاک ڈاؤن کے کھلنے کے بعد بھی بازاروں اور گلیوں میں کم نکلا جائے اور انتہائی مجبوری کی حالت میں بھی احتیاطی تدابیر کو اپنایا جائے یا کم از کم ماسک کا استعمال یقینی بنایا جائےایسا کرنے سے ہی ہم محفوظ رہ سکتے ہیں۔