اسلام آباد(این این آئی)پاکستان میں ترک ڈراما’’ارطغرل غازی‘‘ اس قدر مقبول ہوگیا ہے کہ اس نے مقبولیت میں ترکی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے جہاں یہ ڈراما تیار کیا گیا تھا۔ترکی ریڈیو اور ٹیلی ویژن (ٹی آر ٹی) کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں پہلی رمضان سے روزانہ نشر کیا جانے والا ڈراما’’ارطغرل غازی‘‘ ہر گزرتے دن کے ساتھ نیا ریکارڈ بنا رہا ہے اور اس کی مقبولیت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔
ڈرامے کے یوٹیوب چینل پر صرف 15 روز میں 15 لاکھ سے زائد سسکرائبرز ہو گئے ہیں اور اس کی پہلی قسط کو یوٹیوب پر ایک کروڑ 60 لاکھ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ ’’ارطغرل غازی‘‘ کی ’’ٹی آر ٹی‘‘ پر پہلی قسط کو 5 سالوں میں ایک کروڑ 20 لاکھ بار دیکھا گیا جبکہ ڈرامے کی پاکستانی یوٹیوب چینل پر پہلی قسط کو صرف دو ہفتوں میں ہی ایک کروڑ 13 لاکھ سے زائد بار دیکھا گیا۔واضح رہے کہ ترک ڈراما ’’دیریلیش ارطغرل‘‘ جسے پاکستان میں ’’ارطغرل غازی‘‘ کے نام سے نشر کیا جارہا ہے، مشرق وسطیٰ میں ہی نہیں بلکہ جنوبی ایشیا میں بھی لوگوں کے دلوں میں جگہ بنا چکا ہے اور لاکھوں افراد لاک ڈاؤن کے دوران اس کے سیزن دیکھ کر وقت گزار رہے ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے کچھ ماہ پہلے اسے نشر کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی اور یکم رمضان سے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) پر اسے نشر کرنے کا سلسلہ شروع ہوا۔