اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کو خط لکھا ہے جس میں کہا ہے کہ اسمبلی اجلاس میں محض سیاسی تقاریر وقت کا ضیاع ہے۔ منگل کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وفاقی وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ سیاسی تقاریر تو پریس کانفرنس کر کے بھی کی جاسکتی ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ ممبران کو اکٹھا کیا ہے تو پہلے انہیں سائنٹسٹ اور وائرولوجی ماہرین سے
بریفنگ دلوائیں کہ کورونا وائرس ہے کیا؟فواد چوہدری نے کہا کہ بریفنگ دلوائیں کہ کورونا وائرس پھیل کیوں رہا ہے، اس پر ریسرچ کس اسٹیج پر ہے، دنیا کب تک اس کا علاج دریافت کرسکتی ہے؟انہوں نے اپنے خط میں کہا کہ بریفنگ دلوائیں کہ 5 پاکستانی یونیورسٹیز نے کورونا وائرس کی ساخت پر اسٹڈی کی ہے، ان کی ریسرچ کیا کہتی ہے؟وزیرِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہا کہ ایسے اجلاس کا کیا فائدہ کہ ایک اِدھر سے سیاسی تقریر کرتا ہے، دوسرا اْدھر سے نِشتر چلاتا ہے، اللّٰہ اللّٰہ خیر صلہ۔