راولپنڈی(نیوزڈیسک)احتساب عدالت نمبر ایک راولپنڈی کے جج خالد رانجھا نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف دائر اثاثہ جات ریفرنس میں تین گواہوں کے بیانات پر جرح کیلئے وکیل صفائی کی طرف سے دائر کی جانے والی درخواست فریقین کے وکلا کی بحث سننے کے بعد متوقع فیصلہ کیلئے سماعت 26جون تک ملتوی کر دی۔عدالت نے درخواست پر وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ 26جون تک محفوظ کرلیا اور ریفرنس کی سماعت سات جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو کر طلب کر لیاگزشتہ روز عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف دائر بلاول ہائوس اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت شروع کی تو اس موقع پر تفتیشی افسر بشارت شہزاد اور سندھ سے آئے گواہ غلام محمد ریٹائرڈ مختار کار موجود تھے لیکن سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے عدالت کو ایک درخواست پیش کی کہ ریفرنس میں تین گواہ نذر احمد شاہانی، غلام محمد جونیجو اور فرید جو نیجو جن کے بیانات تو قلمبند ہو چکے، پر جرح نہیں ہوئی پہلے ان گواہوں کے بیانات پر جرح مکمل کرلی جائے پھر تفتیشی افسر کو طلب کیا جائے۔ دوران سماعت نیب کے پراسیکیوٹر کا موقف تھا کہ مذکورہ گواہوں کےبیانات کلوز ہوچکے ہیں جبکہ وکیل صفائی کا کہنا تھا کہ ابھی ان پر جرح ہونا باقی ہے عدالت 26جون کو اس درخواست پر فیصلہ کرے گی