اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ایس ایس پی سجاول سہائی عزیز تالپور نےسندھ کےشہر سجاول میں 4 ماہ قبل دربدر پھرنے والی ذہنی معذور نوجوان لڑکی نجمہ کا علاج کرا کے شادی کرا دی۔میڈ یا رپورٹس کے مطابق ایس پی سجاول سہائی عزیز نے فروری 2020 میں سوشل میڈیا پر لڑکی کی کہانی اور ویڈیوز وائرل ہونے پر نوٹس لیتے ہوئے مذکورہ بے سہارا ذہنی معذور لڑکی نجمہ کو ریسکیو کرا کے سیف ہاؤس سجاول میں رکھوایا جہاں پر اس کی اچھی خوراک، لباس کے ساتھ بہترین علاج معالجہ کی سہولت دی گئی
اور رمضان کے پہلے جمعہ کو سیف ہاؤس سجاول میں نوجوان ممتاز ملاح کے ساتھ شرعی اور قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے شادی کرا دی گئی۔اس موقع پر ایس ایس پی کی جانب سے نوبیاہتا جوڑے کو روٹری ولیج ٹھٹھہ میں ایک گھر بھی لے کر دیا گیا، ساتھ ہی راشن، سبزی، فروٹ اور مالی امداد بھی کی گئی اورجوڑے کی خوشگوار زندگی کے لیے دعائیں بھی کی گئیں۔ اہل سجاول نے ذہنی معذور نوجوان لڑکی نجمہ کا علاج کرا کر اس کی شادی کرانے پر ایس ایس پی سجاول سہائی عزیز تالپور کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔