کراچی( آن لائن) افریقہ میں پھنسے پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کے لیے قومی انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) متحرک ہوگئی ہے۔خصوصی پرواز 4 مئی کو کراچی سے ایتھوپیا کے لیے روانہ ہوگی۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کی پرواز 200 سے زائد افریقی شہریوں کو لے کر کراچی سے روانہ ہو گی ۔
جبکہ ایتھوپیا سے 250 سے زائد ہم وطنوں کو لے کر کراچی پہنچے گی۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق دبئی سے نجی ایئرلائن کے ذریعے250 افراد پشاور اور 188 ملتان پہنچ گئے، ٹورنٹوسے پرواز بھی لاہور پہنچ گئی۔مسافروں کو اسکریننگ اور طبی جانچ کے بعد قرنطینہ مراکز، ہوٹل اور اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔دبئی سے خصوصی پرواز کے ذریعے 188 مسافر وں میں سے 172 مسافروں کو قرنطینہ سینٹر، 9 کو ہوٹل جبکہ 7 کو نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق دبئی سے دوسری پرواز کے ذریعے 250 پاکستانی نجی ایئر لائن کی پرواز سے پشاور پہنچے ہیں، تمام مسافروں کی مکمل اسکریننگ اور طبی جانچ پڑتال کے بعد مسافروں کو قرنطینہ مراکز بھیج دیا گیا۔ادھر پی آئی اے کی پرواز ٹورنٹو، کینیڈا سے علامہ اقبال ائیر پورٹ لاہور پہنچ گئی ہے۔پی آئی اے کی پرواز سے آنے والے مسافروں کو قرنطینہ سینٹرز منتقل کر کے ان کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔