کراچی(این این آئی)وزیرٹرانسپورٹ سندھ سیداویس شاہ نے کہاہے کہ جب تک لاک ڈائون ہے ٹرانسپورٹ نہیں کھولی جائے گی ، ٹرانسپورٹرز نے ہر حالات میں ہمارا ساتھ دیا ہے، انہیں اکیلانہیں چھوڑیں گے۔جمعرات کو وزیرٹرانسپورٹ سندھ کی صدارت میں ٹرانسپورٹرز کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں گڈز ٹرانسپورٹرز، انٹرا سٹی بس ایسوسی ایشن اور پبلک ٹرانسپورٹ کے نمائندے شریک ہوئے۔
وزیرٹرانسپورٹ اویس شاہ نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ نے لاک ڈائون کے دوران ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، گڈز ٹرانسپورٹ کو لاک ڈائون کے دوران بند نہیں کیاگیا، سندھ حکومت ٹرانسپور ٹرز کیساتھ ہے اور مدد کرے گی۔گڈز ٹرانسپورٹرز نے ود ہولڈنگ ٹیکس میں رعایت کا مطالبہ کیا ، نثار جعفری نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کے بینک قرضے ری شیڈول کرانے کیلیے وفاقی حکومت سے بات کرے۔اویس شاہ نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کے تمام مطالبات کو سندھ کابینہ میں پیش کریں گے، گڈز ٹرانسپورٹ کے آپریشن کو جاری رکھنا چاہتے ہیں، گڈز ٹرانسپورٹ کو بھی ایس او پی کے تحت چلنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی سندھ نے کہا ہے کہ وہ بھی ٹرانسپورٹرز کے مسائل پر وفاقی حکومت سے بات کریں گے ، ٹرانسپورٹرز نے مشکل حالات میں ساتھ دیا، سندھ حکومت بھی ٹرانسپورٹرز کو ریلیف دے گی، پیپلزپارٹی روزگار دیتی ہے اور اس کیلیے کوشاں ہیں۔اجلاس کے بعد وزیرٹرانسپورٹ اویس شاہ نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا لاک ڈائون کے بعد ٹرانسپورٹ ایس اوپیز پر بات چیت ہوئی ، ٹرانسپورٹ کیلئے کچھ ایس او پی تیار کئے ہیں، انٹر سٹی بس کے لئے بھی ایس او پی سے متعلق تجویزکی ہے۔انہوں نے کہاکہ سندھ گورنمنٹ نے ہمیشہ ہر طبقے کا خیال کیا ہے، ٹرانسپورٹرز کو بھی اکیلانہیں چھوڑیں گے ، یومیہ کمانے والوں کے لئے اچھے پیکجز دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔صو بائی وزیر نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز نے ہر حالات میں ہمارا ساتھ دیا ہے ، ٹرانسپورٹرزنے یقین دلایاہے کہ لاک ڈائون کے بعد ہی ٹرانسپوٹ کھولیں گے، وزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ کے سامنے ٹرانسپورٹرزکی تجاویز رکھوں گا۔انہوں نے کہاکہ جب تک لاک ڈائون ہے ٹرانسپورٹ نہیں کھولی جائیگی، سندھ میں اس وقت بھی اسمارٹ لاک ڈائون جاری ہے، لاک ڈائون جاری رہنے تک پبلک ٹرانسپورٹ نہیں چلے گی، فیکٹریز کیلئے بھی ایس او پیز بنائے تھے،ہر سیکٹر مرحلہ وار کھلے گا۔