واشنگٹن( آن لائن ) ملیریا کی دوا سے کورونا وائرس کی اموات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ دنیا بھر میں سمجھا جا رہا تھا کہ شاید ملیریا کی دوا کلوروکوئین سے کورونا وائرس کا علاج ممکن ہے، لیکن اب ایک امریکی فوجی ہسپتال کی جاری کردہ تحقیقاتی رپورٹ میں اس بات کا انکشاف کیا گیا ہے کہ کلوروکوئین کورونا کے خلاف کارآمد نہیں ہے بلکہ ا س سے اموات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس حوالے سے خوشخبری سنائی تھی کہ یہ دوائی کورونا وائرس کے علاج میں موثر ثابت ہوئی تھی، ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کے بعد دنیا بھر کے ہسپتالوں میں کلوروکوئین کے ٹرائلز کا آغازکر دیا گیا تھا۔لیکن اب نئی تحقیق نے ا س دوائی کے موثر اثرات کی نفی کر دی ہے۔اس سے قبل چینی ماہرین بھی اس حوالے سے رپورٹ جاری کر چکے ہیں کہ ملیریا کی دوا کلوروکوئین کا کورونا مریضوں پر کوئی اثر نہیں ہوتا۔امریکی صد ر کے اعلان کے بعد سب سے پہلے برازیل نے شکوک و شبہات کا اظہا رکیا تھا۔ دوسری جانب امریکی ہیلتھ ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس دوا کے سائیڈ افیکٹس بہت زیادہ ہیں اور خصوصاََ دل کیمریضوں کے لئے کلوروکوئین کا استعمال مناسب نہیں ہے۔ خیال رہے کہ چین کے شہر وہان سے شروع ہونے والے کورونا وائرس نے اس وقت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے جس کے بعد ہر گزرتے دن کے ساتھ اس کی تباہی میںا ضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ابھی تک دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے متاثرہ افراد کی تعداد25 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے جبکہ ابھی تک 1 لاکھ 77 ہزار سے زیادہ افراد کورونا وائرس کا شکار ہو کر ہلاک ہو چکے ہیں۔ دنیا بھر کے ماہرین اس کی ویکسین تیار کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ اسی دوران امریکی صدر نے اعلان کیا تھا کہ ملیریا کی دوا کلوروکوئین کورونا کے علاج کے لئے موثر ہے۔ لیکن اب ایک امریکی فوجی ہسپتال کی جاری کردہ تحقیقاتی رپورٹ میں اس بات کا انکشاف کیا گیا ہے کہ کلوروکوئین کورونا کے خلاف کارآمد نہیں ہے بلکہ ا س سے اموات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔