اسلام آباد(نیوز ڈیسک)گزشتہ چند روز سے جاری شدید گرمی کی لہر کے بعد پنجاب اور بلوچستان کے شمالی علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔لاہور، ملتان، سرگودھا، خانیوال، لودھراں، چیچہ وطنی، میاں چنوں، ساہیوال اور بہاول پور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی اور حبس کے بعد بارش کی رم جھم سے شہریوں کے مرجھائے چہرے دوبارہ کھل اٹھے ہیں۔ وقفے وقفے سے ہونے والی بارش اور اس دوران چلنے والی ٹھنڈی ہواﺅں سے موسم خوشگوار ہے اور روزے دار اس خوبصورت موسم سے بھر پور انداز سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔ اس کے علاوہ بلوچستان میں سبی، قلات اور ژوب میں بھی کہیں کہیں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، پنجاب میں راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان، ساہیوال، بہاولپور، ملتان اور سرگودھا ڈویڑن کے علاوہ اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور فاٹا میں کہیں کہیں جبکہ شمال مشرقی بلوچستان میں کوئٹہ، ڑوب، قلات اور سبی ڈویڑن میں چند مقامات پر گرد آلود ہواﺅں اور گرج چمک کےساتھ بارشوں کا سلسلہ جمعرات تک جاری رہنے کاامکان ہے۔

































