پشاور(نیوزڈیسک)صوبائی حکومت نے ایک بار پھر پیسکو کے خلاف طبل جنگ بجادیا ہے۔ خیبرپختونخوا اسمبلی میںا راکین کے ساتھ ساتھ وزیراعلی پرویزخٹک بھی واپڈا پر برس پڑے۔ پرویزخٹک نے کہا کہ ایک ہفتے کے دوران ناروالوڈشیڈنگ کا سلسلہ ختم نہ ہوا تو پھر حساب لیا جائے گا۔ خیبرپختونخوا اسمبلی میں بجٹ سیشن کے دوران اراکین اسمبلی نے بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ کے خلاف آوازاٹھائی۔ وزیراعلی پرویزخٹک نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے واپڈا اور پیسکو سربراہ کو کھری کھری سنادی۔وزیر اعلی نے دھمکی دی کہ اگر ایک ہفتے میں لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل نہ کیا گیا تو جوآگ ہم پر مسلط کی گئی ہے وہ پیسکو چیف اور واپڈا افسران پر گرا دینگے۔ وزیراعلی پرویزخٹک کا کہناتھا کہ بار باراحتجاج کے باوجود بھی واپڈا کے کرپٹ اور چورافسران بجلی کی لوڈشیدنگ میں کمی نہیں کررہے ۔ہمارے حصے کی بجلی پنجاب کو دی جارہی ہے۔ خیبرپختونخوا میں بجلی کی طویل ترین لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے جہاں عوام سراپا احتجاج ہیں وہی پر تاجر برادری اور صوبے کے حکمران بھی پیسکو پر زبانی حملوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔