لندن(نیوزڈیسک)ایک برطانوی شہری نے رمضان کے مہینے میں 400 میل پیدل چلنے کا اعلان کیا ہے، وہ اپنے اس اقدام سے فلاحی اداروں کے لیے چندہ اکھٹا کرنا چاہتے ہیں۔نیو کاسل سے لندن تک کا پیدل سفر کرنے والے 30سالہ استاد باسیل الخبز نے 17 جون سے اپنے پیدل سفرکا آغاز کر دیا ہے۔روزے کی حالت میں چندے کی مہم کے لیے یہ پیدل سفر کی ایک انوکھی مثال ہے۔باسیل الخبز رمضان المبارک کے مہینے میں ضرورت مندوں کی مدد کے ارادے سے ایک غیر معمولی چیلنج مکمل کر رہے ہیں جس میں وہ طلوع آفتاب سے غروب آفتاب تک روزے کی حالت میں برطانیہ کے ایک حصے سے دوسرے حصے تک پیدل سفر کریں گے اور 28 روزوں کے اس سفر میں مختلف صدقاتی اداروں کے لیے چندہ اکھٹا کریں گے۔یورک شائر میں مڈلس بروح سے تعلق رکھنے والے باسیل الخبز یہ سفر بغیر کسی معاونت کے پیدل طے کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ وہ اپنے بڑے سے بیگ میں اپنی ضرورت کا سامان ساتھ لے کر چل رہے ہیں جس میں ان کا عارضی گھر یعنی خیمہ بھی شامل ہے۔باسیل الخبز کی ویب سائٹ کے مطابق وہ اس چیلنج میں 28 روزوں کے دوران 20 سے زائد فلاحی اداروں کے لیے چندہ اکھٹا کرنا چاہتے ہیں اور اس مقصد کو پورا کرنے کے لیے وہ ہر روز ایک فلاحی ادارے کے لیے پیدل چلیں گے۔انھوں نے کہا کہ ان کے پیدل سفر کا مقصد فلاحی اداروں کے کام کے بارے میں لوگوں میں شعور اجاگر کرنا ہے اور اس مبارک مہینےکے روحانی پہلو پر توجہ دلانا ہے۔باسیل الخبز نے 17 جون کو نیشنل ڈیف چلڈرن سوسائٹی کے لیے پیدل نیوکاسل سے ڈرھم تک کا سفر کیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انھوں نے ٹویٹ کی ہے کہ وہ 20 جون کو نارتھالرٹرن پہنچ گئے، انھوں نے آج معمر افراد کی امدادی تنظیم ‘ایج یوکے’ کے لیے پیدل سفر کیا ہے جبکہ کل وہ مکملین کینسر سپورٹ کے لیے پیدل سفر کریں گے۔باسیل الخبز نے بوسنیا کے ایک شخص سے متاثر ہو کر یہ چیلنج لیا ہے جس نے بوسنیا سے مکہ المکرمہ تک 3,500 میل کا پیدل سفر کیا تھا۔
باسیل الخبز کے پیدل سفر کی آن لائن معلومات کے لیے ٹوئٹر اور فیس بک پر’ڈان ٹل ڈسک چیلنج’ کے نام سے صفحات موجود ہیں، اس کے علاوہ انھوں نے ٹیکسٹ پیغامات کے ذریعے اور جسٹ گوئنگ ڈاٹ کام پر چندے کی اپیل کی ہے۔
برطانوی شہری کارمضان میں 400میل پیدل چل کررفاحی اداروں کے لئے فنڈزاکھٹے کرنے کاعزم
22
جون 2015
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں