اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پوری دنیا میں کرونا وائرس اپنے قدم جما رہا ہے ایسے میں پاکستان میں ہر آنے والے دن کرونا وائرس سے متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ معروف تجزیہ نگار صابر شاکر نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ کرونا وائرس سے لڑنے کے لئے پاکستان میں جدید آلات پہنچنے والے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں چین کی جانب سے ایک ایسا سکینر آنے والا ہے جس سے انسان کے گزرتے ہی کرونا ٹیسٹ ہو جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ سکینر بہت بڑا ہے اسے کیسے لایا جائے گا اس کا فیصلہ ابھی کیا جا رہا ہے کہ اسے کسی الگ جہاز میں لانا ہوگا، کرونا وائرس کے حوالے سے پاکستان کے لئے یہ ایک اچھی خبر ہے، یہاں پر کرونا کی تصدیق کا عمل آسان ہو جائے گا اس سے اس وبائی مرض کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے گا۔ پاکستان کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔