پشاور(نیوز ڈیسک) حکومتی احکامات کے بعد پشاور3دن کے لئے اتوار کے روز سے بند کر دیاگیا ۔تمام مارکیٹوں سمیت دکانیں،پلازہ،شاپنگ مالز اور ریسٹورٹس منگل کے روز تک بند رہیں گے تاہم میڈیکل سٹور ،آٹا چکی،تندور کی دکانیں، دودھ، آٹو ورکشاپس، پٹرول پمپ، گوشت اور چکن کی دکانوں سمیت سبزی اور فروٹ شاپس وغیرہ کھلی رہیں گی ۔
تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے پھیلائو کے سبب حکومتی احکامات کے بعد پشاور شہر کو تین دن کے لئے بند کر دیاگیا ہے اور اتوار کے روز شہر کی تمام بازار اور مارکیٹوں کو مکمل بند رکھا گیا تاہم اندرون شہری علاقوں میں کریانہ دکانوں سمیت دودھ، چکن، تندور اور چھوٹی دکانیں کھلی رہیں ۔اسی طرح ڈبگری سمیت سکندر پورہ میں میڈیکل سٹور بھی کھلے رہے ۔پشاور شہر کے وسط میں واقع ہشت نگری ،جھنڈا بازار،کریم پورہ،گھنٹہ گھر،شاہین بازار، مینا بازار، کوچی بازار، کوہاٹی، ڈبگری ،صدر ،شعبہ بازار، خیبر بازار،اشرف روڈ، باچاخان چوک، چارسدہ روزڈ، فقیر آباد، دلزاک روڈ، لاہوری، گاڑی خانہ، شادی پیر، گلبہار ، حسین آباد، گنج، رامداس، بیر سکو سمیت بورڈ، ابدرہ ،شاہین ٹائون سے لیکر حیات آباد اور کارخانو تک تمام بڑی مارکیٹوں اور دکانوں سمیت شاپنگ پلازہ تین دن کیلئے بند کر دیئے گئے اور مذکورہ دکانوں پر کام کرنے والے ملازمین نے اپنے آبائی علاقوں کا رخ کرلیا ہے ۔کارخانو مارکیٹ کے تمام تاجرکاروبار کر کے گھرو ں تک محدود ہو گئے ہیں جبکہ تاجروں کے ساتھ مختلف اضلاع سے کام کرنے والے ملازمین نے اپنے گھروں کا رخ کرلیا ہے۔اسی طرح اندرون شہری علاقوں میں بھی ہو کا عالم ہے اور سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ بھی نہ ہونے کے برابر ہے ۔