اسلام آباد( نیوزڈیسک)خیرپور ، حیدرآباد سمیت کراچی کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی میں لوڈ شیڈنگ سے لوگ سڑکوں پر نکل آئے ، مظاہرین نے سڑکیں بلاک کر دیں ، پولیس کو ہوائی فائرنگ ، میرپور خاص میں مشتعل شہریوں نے گرڈ سٹیشن پر دھاوا بول دیا۔ تفصیلات کے مطابق شدید گرمی میں طویل لوڈ شیڈنگ پر شہریوں نے مختلف علاقوں میں احتجاج کیا۔ ملیر ، شادمان ، سہراب گوٹھ میں مظاہرین نے سڑکوں پر ٹائر جلائے اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ سحری اور افطاری میں بھی بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ متاثرہ علاقوں میں پانی کی قلت پیدا ہو چکی ہے۔ سڑکیں بند ہونے پر رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کی۔ میرپور خاص میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے بے حال شہریوں نے گرڈ سٹیشن پر دھاوا بول دیا۔ حیدرآباد میں تلک چاڑی روڈ ، گﺅ شالہ ، پھلیلی ، گجراتی پاڑا اور لطیف آباد نمبر 11 میں شدید گرمی میں بجلی کی بندش سے ستائے شہری احتجاج کے لیے باہر نکل آئے۔ خیرپور میں لوڈ شیڈنگ اور ٹرانسفارمر تبدیل نہ کرنے کے خلاف اوستگاہی محلہ کے سینکڑوں افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔