نیویارک(این این آئی)عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے واضح کیا ہے کہ معمر افراد کی طرح نوجوان بھی اس مہلک مرض کرونا وائرس کا شکار ہو کر موت کے منہ میں جا سکتے ہیں۔
عرب ٹی وی کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے کہا کہ کرونا انفیکشن معمر افراد کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کے لیے بھی خطرہ بن سکتا ہے۔ اس لیے صحت مند افراد اور نوجوان کرونا سے متاثرہ افراد سے گھلنے ملنے سے گریز کریں۔ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس اڈھانم گیبریوس نے کہا کہ کرونا سے اب تک دو لاکھ 10 ہزار افراد کرونا کا شکار ہوچکے ہیں جن میں سے نو ہزار افراد کی اموات ہوئی ہیں۔ یہ بیماری ہر آنے والے دن ایک نیا موڑ اختیار کر رہی ہے۔انہوں نے ورچوئل رئیلٹی پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اگرچہ بوڑھے سب سے زیادہ کمزور ہیں اوران میں قوت مدافعت کی کمی ہوتی ہے مگر نوجوان بھی محفوظ نہیں ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ 50 سال سے کم عمر افراد جو کرونا کے باعث اسپتال لائے جاتے ہیں۔ ان میں سے بیشتر افراد تندرست ہو کر گھروں کو لوٹ گئے ہیں مگر اس بیماری سے خطرہ ہر ایک کو ہے۔