واشنگٹن(نیوز ڈیسک) ویب سائٹ وکی لیکس نے سعودی عرب کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔وکی لیکس نے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد 5لاکھ سے زائد سعودی عرب کی خفیہ سفارتی دستاویزات منظر عام پر لانے جا رہی ہے۔وکی لیکس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ اپنی ویب سائٹ پر 60ہزار سے زائد سعودی دستاویزات پوسٹ کر چکی ہے جن میں سے زیادہ تر عربی زبان میں ہیں۔ اگرچہ وکی لیکس مختلف ممالک کے حکومت راز افشائ کرنے کا طویل ریکارڈ رکھتی ہے تاہم ان دستاویزات کے مستند ہونے کی فوری طور پر تصدیق کرنے کا کوئی طریقہ موجود نہیں ہے۔ماہرین کی جانب سے ان کا تجزیہ جاری ہے جس کے بعد ہی بتایا جا سکتا ہے کہ یہ دستاویزات کتنی حساس ہیں. وکی لیکس کی طرف سے پوسٹ کی گئی متعدد سعودی دستاویزات ایک سبز رنگ کے لیٹر ہیڈ پر مبنی ہیں جن پر ”کنگڈم آف سعودی عریبیہ“ یا ”منسٹری آف فارن افیئرز“ لکھا ہوا ہے۔ واشنگٹن میں واقع سعودی سفارتخانے کی طرف سے وکی لیکس کے اس بیان پرتاحال کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا