ویلنیئس (مانیٹرنگ ڈیسک) کرونا وائرس اس وقت دنیا کے 102 ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے اور ہر کوئی اس کے خوف میں مبتلا ہے۔ اسی خوف کی وجہ سے ایک شخص نے اپنی بیوی کو باتھ روم میں بند کر دیا۔ یہ عجیب و غریب واقعہ یورپ کے ملک لیتھوینیا میں پیش آیا،
جہاں ایک شخص نے کورونا وائرس کے خوف کی وجہ سے اپنی بیوی کو باتھ روم میں بند کر دیا کیونکہ اسے شبہ تھا کہ اس کی بیوی کو کرونا وائرس ہے۔ خاتون کی جانب سے مقامی پولیس کو فون کیا گیا تھا کہ جس میں اس نے کہا کہ اس کے شوہر اور بیٹوں نے اسے باتھ روم میں بند کر دیا ہے۔ شکایتی کال موصول ہونے کے بعد پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئی تو خاتون کے شوہر نے انتہائی اطمینان سے کہا کہ اس نے اپنی بیوی کو باتھ روم میں اس لئے بند کیا کہ وہ کرونا وائرس سے بچ سکیں کیونکہ اس کی بیوی حال ہی میں اٹلی سے واپس آئی ہے۔ پولیس والوں کو شوہر نے بتایا کہ اٹلی میں ان کی بیوی بہت سے چینی باشندوں سے بھی ملی تھی اس لئے مجھے شبہ ہے کہ ان کو کرونا وائرس ہو سکتا ہے، طبی ماہرین کے مشوروں پر عمل کرتے ہوئے اس لئے انہیں علیحدہ کرنے کے لئے باتھ روم میں بند کر دیا ہے۔ لیتھوینیا پولیس نے اس واقعے کے بعد بتایا کہ ایمبولینس کے ذریعے خاتون کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر ان کا ٹیسٹ کرایا گیا تو اس میں کرونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی بلکہ ٹیسٹ منفی میں آیا۔