ریاض (این این آئی)سعودی عرب نے کرونا وائرس کے دو نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے جس کے بعد مملکت میں اس وائرس کا شکار افراد سات ہوگئی ہے۔یہ تمام افراد حال ہی میں ایران سے لوٹے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی وزارتِ صحت نے بتایاکہ کرونا وائرس کے جن نئے دو کیسوں کا پتا چلا ہے،
یہ دونوں سعودی خواتین ہیں اوران میں ایک بحرین کے راستے ایران سے آئی تھیں اور ایک عراق کے جنوبی شہر نجف سے متحدہ عرب امارات کے راستے سعودی عرب لوٹی ہیں۔وزارت نے مزید کہا کہ ان دونوں خواتین نے مملکت میں واپسی پر اپنے ایران اور عراق کے سفر کے بارے میں حکام کو مطلع نہیں کیا تھا۔سعودی وزارت صحت نے گذشتہ ہفتے کرونا وائرس کے پانچ کیسوں کی اطلاع دی تھی۔قبل ازیں وزارت صحت نے کہا کہ 128 سعودی شہریوں نے حال ہی میں کرونا وائرس پھیلنے کے بعد ایران کا سفر کیا ہے۔ان میں سے 26 شہری مملکت میں واپس آچکے ہیں جبکہ 95 ابھی تک ایران میں ہیں اور باقی سات دوسرے ممالک میں ہیں۔