لاہور(این این آئی) پنجاب حکومت کی زیر نگرانی چلنے والے دانش سکولز کے کنٹریکٹرز کی جانب سے جعلی بینک سکیورٹی جمع کرانے کا انکشاف ہوا ہے۔ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ دانش سکولز انتظامیہ کی جانب سے درخواست پر وفاقی تحقیقاتی ادارے بینکنگ سرکل نے معاملے کی انکوائری شروع کردی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے دانش سکولز کے کنٹریکٹرز نے کروڑوں روپے کی جعلی بینک سکیورٹی جمع کرائی ہے اور بینک سکیورٹی کے نام پر کروڑوں روپے
خوردبرد ہوئے ہیں۔ایف آئی اے ذرائع نے تصدیق کی کہ مبینہ جعلی بینک سکیورٹی کے حوالے سے دانش سکولز کی جانب سے درخواست موصول ہوئی ہے اور کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔خیال رہے کہ مارچ 2019 میں پنجاب حکومت نے دانش سکولز اتھارٹی کے لیے پانچ ارب پچاس کروڑ روپے مختص کیے تھے۔ دانش سکولز ترقیاتی فنڈز کی مد میں دو ارب اور اخراجات کی مد میں تین ارب پچاس کروڑمختص کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔