لاہور(نیوز ڈیسک) پنجاب حکومت کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے چینی کے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈاؤن کے دوران لاہور ڈویژن سے 12052 چینی کی بوریاں تحویل میں لے لیں۔26 گودام سربمہر اور5کیخلاف مقدمات کا اندراج کر ادیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ لاہور ڈویژن میں کل 90 مقامات کو چیک کیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر عدنان رشید نے تحصیل رائیونڈ میں مختلف گوداموں کی چیکنگ کی
اوریعقوب غفور ٹریڈرز سے 50 کلو گرام کے 1000 چینی کے بیگز، امجد برکت ٹریڈرز سے 50 کلو گرام کے 1880،وسیم اشرف گودام سے 50 کلو کے 780،صوفی ٹریڈرز سے 50 کلو گرام کے 2100 بیگز برآمد ہوئے۔تحصیل رائیونڈ میں مجموعی طور پر 5769 چینی کے بیگز برآمد ہوئے جنہیں ضبط کر لیاگیا۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی تبریز مری نے کارروائی کرتے ہوئے ہنجروال وئیر ہاؤس پر چیکنگ کی،الرحیم سٹور سے 50 کلوگرام کے 650 چینی کے بیگز برآمد ہوئے جن کو ضبط کر لیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر دانش افضال نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کو ہرگز معافی نہیں دی جائے گی، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت قانونی کاروائیاں عمل میں لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ لاہور ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف زبردست کریک ڈاؤن جاری رکھے ہوئے ہے،ضلعی انتظامیہ لاہور کے افسران فیلڈ میں موجود ہیں اور ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کی کوششوں کو ناکام بنا رہے ہیں۔