نیویارک(نیوزڈیسک)امریکا میں اسلام کے خلاف جذبات بھڑکانے والوں کا مقابلہ کرنے کیلئے مسلم کمیونٹی نے کمر کس لی۔ کئی ریاستوں کی سڑکوں اور ہائی ویز پر ایسے بل بورڈ سج گئے ہیں جن پر اسلامی تعلیمات درج ہیں۔ جن لوگوں کے ذہنوں میں اسلام سےمتعلق خدشات ہیں۔ سوالات ہیں وہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کا مطالعہ کریں۔یہ ہے وہ پیغام جو امریکا کی مختلف ریاستوں میں جگہ جگہ پھیل گیا،مسلمانوں کی کردار کشی کرنے والوں اور ان کے جذبات مجروح کرنے والوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے لئے امریکا میں مسلم برادری نے کمر کس لی ہے،امریکی ریاست جارجیا، کیلے فورنیا،میری لینڈ،ٹیکساس،میامی کے کئی شہروں میں اسلام کی ترویج،دین کےفروغ اور سنت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم سے آگاہی کے پیغامات سے متعلق بڑے بڑے بل بورڈ شاہراہوں اور ہائی ویز پر آویزاں کردیئے گئے ہیں،مسلم پبلک افیئرز کونسل کی ترجمان EDINA LEKOVIC کا کہنا ہے کہ اس اشتہاری مہم کا مقصداسلام سے متعلق پھیلائی گئی غلط فہمیوں کو دور کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی زندگی کی عکاسی کرتی یہ اشتہاری مہم ایک مثبت قدم ہے اور ان لوگوں کو ایک پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے جن کے ذہنوں میں اسلام سے متعلق سوالات ابھرتے ہیں۔دوسری جانب مسلم کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے اس اشتہاری مہم کا خیر مقدم کیا ہے