بیجنگ(این این آئی)ملک میں انسداد دہشت گردی کے مالی تعاون کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کی نمایاں پیش رفت پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے چین نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے سیاسی عزم اور متحرک کوششوں کو عالمی برادری کو تسلیم کرنا چاہیے بلکہ اس کی حوصلہ افزائی بھی کرنی چاہیے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوینگ نے یہ
تبصرہ پاکستان کی نیشنل ایکشن پلان رپورٹ پر کیا جو جوائنٹ گروپ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی چین کے دارالحکومت میں منعقد ہونے والے اجلاس میں زیرِ غور آئی۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے واضح پیش رفت کے ساتھ اپنا ملکی انسداد مالیاتی دہشت گردی نظام مضبوط بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کی ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایف اے ٹی ایف کی جانب سے دہشت گردی کی مالی معاونت سے موثر انداز میں نمٹنے اور انسداد مالیاتی دہشت گردی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے پاکستان کی جاری کوششوں کی تعمیری حمایت کی جائے گی۔ترجمان چینی وزارت خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ چین ایف اے ٹی ایف کے صدر اورایشیا پیسفک جوائنٹ گروپ کے شریک چیئرمین کی حیثیت سے چین بامقصد، تعمیری اور منصفانہ رویے کو برقرار رکھے گا اور متعلقہ بات چیت میں حصہ لے گا۔گینگ شوینگ کا مزید کہنا تھا کہ ایف اے ٹی ایف منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے لیے مالی معاونت سے لڑنے کے لیے ایک اہم عالمی تعاون کا پلیٹ فارم ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پلیٹ فارم کا مقصد اور عزم منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے لیے مالی معاونت سے لڑنے کے لیے ممالک کی مدد کرنا ہے تا کہ بین الاقوامی مالیاتی نظام کا استحصال ہونے سے روکا جائے۔