لاہور( این این آئی) وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر تمام صوبوں میں بون میرو ٹرانسپلانٹ کے ہسپتال بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، پہلے مرحلے میں پنجاب میں مذکورہ ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر بون میرو ٹرانسپلانٹ کے لیے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بلڈ ڈیزیز ہسپتال بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔چاروں صوبوں میں 500 بستروں کے بون میرو ہسپتال بنائے جائیں گے۔
اس حوالے سے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے این آئی بی ڈی کے سربراہ طاہر شمسی سے مشاورت مکمل کرلی۔ذرائع کے مطابق سندھ، پنجاب، پختونخواہ اور بلوچستان میں ہسپتال قائم ہوں گے، ایک یونٹ کی تعمیر پر 6 ارب روپے کی لاگت آئے گی، پہلے مرحلے میں پنجاب میں یونٹ کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔مشاورتی عمل کے دوران ڈاکٹر طاہر شمسی نے پنجاب میں 200 بستروں سے ہسپتال شروع کرنے کی تجویز دی۔ انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ کے لیے ماہرین اور انفرا سٹرکچر کی ضرورت ہے۔ڈاکٹر طاہر شمسی کے مطابق پاکستان میں بون میرو ٹرانسپلانٹ کے ہسپتال نجی شعبے میں قائم ہیں، ملک میں سالانہ 10 ہزار بون میرو ٹرانسپلانٹ کے مریض ہوتے ہیں۔ این آئی بی ڈی اب تک 800 بون میرو ٹرانسپلانٹ مکمل کر چکا ہے۔