ماسکو(نیوزڈیسک)پاکستان اور روس کی عسکری قیادت نے دفاعی شعبے میں تعاون کے فروغ میں بھر پور دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے تعلقات کو مزید وسعت دینے اور تعاون بڑھانے کے مختلف طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ہے ، روسی منتخب اسمبلی ڈوما کے چیئرمین نے آپریشن ضرب عضب کے دوران حاصل ہونیوالی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ دہشتگردی اور انتہاءپسندی کیخلاف جنگ میں انکا ملک خطے میں استحکام کیلئے پاکستان کا ساتھ دیگا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے اپنے دورہ روس کے دوران گزشتہ روز انتہائی متاثر کن دفاعی نمائش دیکھی اور پورا دن وہاں گزارا جہاں ہر نوعیت کے ہتھیار ، طیارے اور ہیلی کاپٹرز نمائش میں رکھے گئے ۔ اس موقع پر پاکستان اور روسی عسکری قیادت نے باہمی تعاون میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے تعاون کے فروغ کے مختلف طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ فریقین نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان فوجی سطح پر مزید تبادلوں سے ایک دوسرے کے جنگی تجربات سے مستفید ہونے کا موقع میسر آئیگا ۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے روسی منتخب اسمبلی ڈوما کے چیئرمین سرگئی نیریشکن سے بھی ملاقات کی ۔ انہوں نے پاک فوج کے سربراہ سے گفتگو کرتے ہوئے خطے میں استحکام کیلئے پاکستانی کوششوں اور دہشتگردی کیخلاف جاری آپریشن ضرب عضب کے دوران حاصل ہونیوالی کامیابیوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ روس خطے میں استحکام کیلئے دہشتگردی اور انتہاءپسندی کیخلاف جنگ میں پاکستان کا ساتھ دیگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات آزادانہ ہیں اور آنیوالے دنوں میں ان تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہو گا۔















































