اسلام آباد(این این آئی)معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہاہے کہ دنیا بھر میں 2 ارب 20 کروڑ افراد بینائی کی کمی کا شکار ہیں، بروقت توجہ دینے سے بینائی میں کمی جیسے مسائل پر باآسانی قابو پایا جاسکتاہے۔ ہفتہ کو معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دنیا بھر میں 2 ارب 20 کروڑ افراد بینائی کی کمی کا شکار ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی کل آبادی کا 0.9 فیصد حصہ بینائی سے محروم ہے۔انہوں نے کہاکہ بروقت توجہ دینے سے بینائی
میں کمی جیسے مسائل پر باآسانی قابو پایا جاسکتاہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ان بارہ ملکوں میں شامل ہے جہاں آنکھوں کا موثر علاج ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے تحصیل سطح پر آئی کیئر پروگرام متعارف کرایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 18ویں ترمیم کے بعد نیشنل ہیلتھ پروگرام متاثر ہوا،پاکستان میں 0.9 بلائنڈنس ہے تو اس میں ہم آنکھوں کی عطیات کی مہم کیوں نہیں چلاتے؟۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں کامیابی کے ساتھ آنکھوں کی عطیات کی مہم سے ہم اپنی ضروریات پوری کر سکتے ہیں۔