کوالالمپور(آن لائن) ترکی کے صدر طیب اردگان نے کہا ہے کہ اسلامی ممالک کو جوڑ نے والے پلیٹ فارمز اپنے فیصلوں پر عمل درآمد نہیں کرا سکے،اسلامو فوبیا، مسلم ملکوں کے تنازعات، فرقہ ورانہ ،نسلی جھگڑوں کا سدباب کرنے کیلئے جمع ہوئے ہیں،فلسطین تنازع حل نہیں کرا سکے۔
جمعہ کو اسلامی ممالک کی کوالالمپور سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے طیب اردگان نے کہا کہ مسلم امہ کا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ جو پلیٹ فارمز اسلامی ممالک کو جوڑتے ہیں وہ اپنے فیصلوں پر عمل درآمد نہیں کرا سکے۔ہم یہاں اس لیے جمع ہوئے ہیں تاکہ اسلامو فوبیا، مسلمان ملکوں کے تنازعات، فرقہ ورانہ اور نسلی بنیادوں پر ہونیوالے جھگڑوں کا سدباب کر سکیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم فلسطین کا تنازع حل نہیں کرا سکے، ہم اپنے وسائل کا استحصال نہیں روک سکے، ہم یہ نہیں کہہ سکے کہ فرقہ واریت کے نام پر مسلمان ممالک کی تقسیم روکو۔کانفرنس کے افتتاحی سیشن میں ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان کے علاوہ ایران کے صدر حسن روحانی اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے بھی شرکت کی تاہم، سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز سمیت متعدد ملکوں نے اس میں شرکت سے معذرت کر لی تھی۔واضح ر ہے کہ کوالالمپور سمٹ اسلامی ملکوں کی تنظیم (او آئی سی) کے 57 میں سے 20 ملکوں کے نمائندہ وفود شریک ہیں۔