اسلام آباد(آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل 18 دسمبر کو سماعت کے لیے مقرر کردی ۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں آئندہ ہفتے اہم مقدمات سماعت کے لیے مقرر کئے ہیں۔
سلام آباد ہائی کورٹ کی جاری کردہ کاز لسٹ کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل 18 دسمبر کو سماعت کے لیے مقرر کردی گئی ہے، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بنچ سماعت کرے گا۔24 دسمبر 2018 کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نواز شریف کو العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں 7 سال قید، 10 سال کے لیے کسی بھی عوامی عہدے سے نااہلی، ان کے نام تمام جائیداد ضبط کرنے اور تقریباً پونے چار ارب روپے جرمانے کا فیصلہ سنایا تھا۔ 26 اکتوبر 2019 کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے نواز شریف کو طبی بنیادوں پر ضمانت کے لیے ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما ابرارالحق کی بطور چیئرمین ہلال احمر تعیناتی کے خلاف کیس 16 دسمبر کو سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔ عدلیہ مخالف پروگرام کرنے سے متعلق نجی ٹی وی اینکرز کے خلاف کیس ، الیکشن کمیشن کے 2 ممبران کی تعیناتی، فریال تالپور اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی ضمانت سے متعلق مختلف درخواستوں کی سماعت 17 دسمبر کو ہوگی۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں عدالتی کارروائی میں مداخلت پر سیکرٹری ہائیکورٹ بار عمیر بلوچ کے خلاف توہین عدالت کیس 19 دسمبر کو سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔