اسلام آباد (آن لائن)لمبے عرصے کے بعد پاکستانیوں کیلئے خوشخبری آ گئی ہے کیونکہ سٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان مسلسل جاری ہے اور آج کاروبار کے اختتام پر سٹا ک مارکیٹ دس ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز ہوا تو 100 انڈیکس 39 ہزار 287 پوائنٹس کی سطح پر تھا تاہم پورا د ن مثبت رجحان رہا اور کاروبار کے اختتام پر 836پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 40 ہزار کی
نفسیاتی حد عبور کرتے ہوئے 40 ہزار 124 پوائنٹس پر پہنچ گئی۔سٹاک مارکیٹ میں حصص کی مالیت میں 110 ارب روپے اضافہ دیکھنے میں آیاہے۔دوسری جانب کاروبار کے اختتام پر انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 4 پیسے اضافہ ہوا جس کے بعد ڈالر 155 روپے 27 پیسے پر بند ہو گیاہے جبکہ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 20 پیسے کمی واقع ہوئی ہے جس کے بعد ڈالر 155 روپے 40 پیسے پر فروخت ہو رہاہے۔