ریاض (این این آئی )سعودی عرب کی حکومت نے بہت سے پیشوں پرغیرملکی شہریوں کی اجارہ داری ختم کرتے ہوئے مقامی سطح پر ان پیشوں کے فروغ کی کوششیں شروع کی ہیں۔ اسی ضمن میں ملک میں دندان سازی اور دانتوں سے متعلق طب کو بھی بہ تدریج مقامی شہریوں کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق سعودی عرب کے وزیر محنت و سماجی ترقی انجینئر احمد الرجحی نے وزارت صحت کے ساتھ شراکت کے ایک پروگرام کے تحت دانتوں کے متعلقہ پیشے کو مرحلہ وار مقامی شہریوں کے حوالے کرنے کے فیصلے
بارےمیں بتایا۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں دندان سازی کے پیشے کو 25 فی صد مقامی شہریوں کے حوالے کیا جائے گا اور اس عمل کا آغاز 01-08-1441کو ہوگا جب کہ دوسرے مرحلے میں یہ تناسب 30 فی صد تک پہنچانا ہے۔ادھروزارت محنت و سماجی ترقی کے ترجمان خالد ابا الخیل نے کہا کہ دانتوں کے پیشے میں دوبارہ کام کرنے والے فیصلوں کا اطلاق ان اداروں پر ہوگا جہاں دانتوں کے پیشوں میں کام کرنے والے ڈینٹل ڈاکٹروں کی تعداد 3 سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وزارتی فیصلہ نافذ العمل ہے۔ اس پیشے کو مقامی سطح پراپنانے سےشہریوں کو روزگار کے نئے مواقع ملیں گے۔