لاہور (نیوزڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان چائنہ اقتصادی راہداری کے منصوبے سے پاکستان کے اٹھارہ کروڑ عوام کے ساتھ پورے خطے کو بے پناہ فائدہ پہنچے گا۔ بھارت سمیت کسی بھی ملک کو منصوبے پر اعتراض نہیں کرنا چاہیے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے چین کی وزرات خارجہ کے مڈ کیریئر سفارتکاروں کے وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں ، پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کا بندھن مضبوط معاشی تعلقات میں بدل چکا ہے۔ انہوں نے کہا چین کے صدر کے دورہ پاکستان کے دوران 46 ارب ڈالر کے تاریخ ساز اقتصادی پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے۔ 33 ارب ڈالر صرف توانائی کے منصوبوں پر صرف ہوں گے۔ چین کے اس غیر معمولی اقتصادی پیکیج کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ شہبازشریف نے کہا کہ چین کا اقتصادی پیکیج نہ صرف ترقی اورخوشحالی لائے گا بلکہ ملک معاشی طورپر مضبوط ہوگا۔ بھوک اور غربت ختم ہوگی ، خطے میں ترقی اورخوشحالی آئے گی ۔