اسلام آباد( نیوزڈیسک ) کراچی میں پولیس افسران و اہلکاروں کے قتل میں ملوث دہشت گردوں کی نشاندہی ہوگئی ، دہشت گرد گروپ کے کمانڈر ارشاد اللہ اور داﺅد محسود ہیں ، گروپ کو افغانستان سے آپریٹ کیا جاتا ہے۔ کراچی میں پولیس افسران و اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشت گرد گروہ کی نشاندہی ہوگئی ہے۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق گروپ کے کمانڈر ارشاد اللہ وزیر اور داﺅد محسود ہیں ، گروپ پندرہ سے بیس دہشت گردوں پر مشتمل ہے ، گروپ افغانستان سے آپریٹ کرتا ہے جبکہ گروپ کے کارندے وزیرستان میں بھی موجود ہیں۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق ایس پی اعجاز حیدر ، ڈی ایس پی عبدالفتح سانگری ، ڈی ایس پی مجید عباس اور ڈی ایس پی ذوالفقار زیدی کے قتل کا طریقہ واردات اور استعمال اسلحہ مماثلت رکھتا ہے اور ان پولیس افسران کے قتل میں بھی ارشاد اور داﺅد گروپ کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔ دہشت گرد داﺅد محسود سابق پولیس اہلکار اور ایسٹ زون میں سیکورٹی کے فرائض انجام دے چکا ہے۔