لاہور( این این آئی) فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار جاوید شیخ نے کہا ہے کہ کبھی بھی ٹی وی پر کام کرنے سے انکا رنہیں کیا کیونکہ میری بنیاد ہی ٹی وی ہے جسے میں کسی صورت چھوڑ نہیں سکتا۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میں نے پی ٹی وی سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا اور آج جب میں پی ٹی وی کے حالات دیکھتا ہوں تو بہت افسوس ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک وہ دور تھا کہ لوگ شام کے وقت پی ٹی وی کے ڈرامے کا انتظار کرتے تھے اور شاہراہیں سنسان ہو جاتی تھیں لیکن آج ایسا کچھ
نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ وزارت کو توجہ دینی چاہیے کہ کراچی ، لاہور ،پشاور اور کوئٹہ سمیت سینٹرز میں بیٹھے پروڈیوسرز کس بات کی تنخواہیں لے رہے ہیں اور کیوں معیاری ڈرامے نہیں بن رہے۔ انہوں نے کہا کہ خدا کا شکر ہے کہ میں نے پی ٹی وی کے بعد فلمی میدان میں قدم رکھا او رمیری کامیابیوں کا سلسلہ گزشتہ تین دہائیوں سے مسلسل جاری ہے ۔ میں نے کبھی بھی چھوٹی سکرین پر کام کرنے سے انکار نہیں کیا اور جب بھی اچھا کردار ملا ضرور کردار نبھائوں گا۔