لاہور( این این آئی )پاکستان کرنسی اسمگلنگ روکنے کے لئے برطانیہ سے خصوصی تربیت یافتہ کتے حاصل کرے گا،کرنسی کی بو سونگھنے والے خصوصی کتے رواں سال کے اختتام یا اگلے سال تک مل جائیں گے۔ذرائع کا کہناہے کہ ان کتوں کوبین الاقوامی ہوائی اڈوں ،خیبر پختونخوا ہ میں طورخم سرحد
اور بلوچستان میں چمن سرحد پر تعینات کیا جائے گا۔فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے ایکشن پلان پر عملدرآمد کے ضمن میں پاکستان کی جانب سے دہشتگردوں کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ روکنے کے لئے مزید اقدامات جاری ہیں۔یہ خصوصی تربیت یافتہ کتے کرنسی اسمگلنگ روکنے کے لئے حاصل کئے جائیں گے۔کیش ڈاگ سامان کو سونگھ کر ان میں کرنسی کی موجودگی کی خبر دے سکتے ہیں۔اس ضمن میں برطانوی محکمہ کسٹمز نے پاکستان کسٹمز کو کیش ڈاگ دینے کا وعدہ کیا ہے۔ خصوصی تربیت یافتہ کتے رواں سال کے اختتام یا اگلے سال کے آغاز میں مل جائیں گے۔ذرائع کا کہناہے کہ پاکستان نے پہلے مرحلے میں برطانیہ کو 25 کیش ڈاگ فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔کیش ڈاگ بین الاقوامی سرحدی راستوں اور ہوائی اڈوں پر تعینات کئے جائیں گے۔