کراچی(این این آئی)سندھ حکومت کی صفائی مہم کے دوران صفائی پر مامور عملے نے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کو ہی ماموں بنادیا۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صفائی مہم کے سلسلے میں گلشن اقبال بلاک 6 کا دورہ کیا، دورے کے موقع پر کچرے کو ڈمپنگ کرنے کے لیے ٹرک میں بھرا گیا تھا
جس کو ڈمپنگ پوائنٹ پر جاکر خالی کرنا تھا لیکن جیسے ہی وزیر اعلی نے علاقے کا دورہ ختم کیا اور وہاں سے روانہ ہوئے توکچرے سے بھرا ٹرک عملے نے دوبارہ اسی جگہ پر سڑک کنارے پھینک دیا۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے گزشتہ رات شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور حکومت سندھ کی جانب سے شروع کی جانے والی صفائی مہم کلین مائے کراچی کا جائزہ لیا۔وزیراعلی کے ہمراہ صوبائی وزرا سعید غنی، سید ناصر شاہ اور بیرسٹر مرتضی وہاب بھی تھے۔ وزیراعلیٰ نے رنچھوڑ لائین میں سڑک پر موٹرسائیکلز کی پارنگ اور تجاوزات پر برہمی کا اظہار کیا اور ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی کو تجاوزات ختم کروانے کی ہدایت کی۔مراد علی شاہ لوگوں سے ملے ان کی شکایات سنیں اور کمشنر کراچی کو ضروری ہدایات دیں ۔گلشن اقبال میں شہریوں نے وزیراعلیٰ کو صفائی ستھرائی ، پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی ضروریات کے حوالے سے شکایات کیں جن پر وزیراعلی نے فوری ہدایات دی۔انہوں نے گلشن اقبال کے ہوٹل پر چائے بھی پی ۔