لاہور(این این آئی)آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد اور سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ ہندوستان تکبر میں کشمیر کو ہڑپ کرنے کاجوفیصلہ کیا تھا وہ اس کی خود کشی ثابت ہوگا اور کشمیر اس کے گلے کی ہڈی بن جائے گا۔ گزشتہ روز دوہ لاہور کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو محصور رکھ کر ہندوستان اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکتا۔ کرنیں اٹھتے ہی کشمیری عوام ہندوستان کے خلاف اپنا فیصلہ سنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ
دنیا کو خطے کی نازک اور سنگین صورتحال کااحساس کرنا چاہیے۔ اقوام متحدہ اور امریکہ، روس، چین جیسے ملکوں مین دونوں ملکوں کی مشترکہ دعوت کا انتظار کرنے کے بجائے مقبوضہ کشمیر میں قتل عام روکنے کیلئے عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔ہندوستان کشمیر میں انسانوں کا قتل عام کرکے خوف و ہراس پھیلانا چاہتا ہے۔ آبادی کا تناسب تبدیل کرکے کشمیر کی شناخت کو بدلنا چاہتاہے۔ کشمیری عوام اس وقت پاکستان اور آزاد کشمیرکے عوام کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ہم کشمیری عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔ مقبوضہ کشمیر کا محاصرہ ختم نہ ہوا تو کنٹرول لائن توڑنے سے گریز نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے ہندوستان کو تباہی کے راستے پر ڈال دیا ہے اب ہندوستان کو ٹکڑے ٹکڑے ہونے سے کوئی نہیں بچا سکتا۔ کنٹرول لائن پر ہندوستانی فوج کی گولہ باری ہندو سفاکیت کا ثبوت ہے۔ افواج پاکستان پوری قوت سے دشمن کا جواب دے رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال میں سب کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوگیا ہے اور اس معاملے میں انتہائی سنجیدگی اور بردبار ی سے آگے بڑھنا ہوگا۔ مسئلہ کشمیر کے تین بنیادی فریق ہیں‘ اصل فریق ہونے کی حیثیت ان کی مرضی کے بغیر ہونے والا فیصلہ تسلیم نہیں کیا جائیگا۔ اس سے قبل قائد مسلم کانفرنس جب دو روزہ دورے پر لاہور پہنچے تو وہاں موجود کارکنوں نے ان کا شاندار استقبال کیا۔