واشنگٹن(این این آئی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر اپنی تنقید کی توپ کا رخ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی جانب کر دیا ہے۔ اس بار انہوں نے اخبار پر غیر منصفانہ کوریج کے ذریعے نسل پرستی کا رجحان بھڑکانے کا الزام عائد کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق
اپنی سلسلہ وار ٹویٹس میں انہوں نے لکھا کہ ناکامی سے دوچار نیویارک ٹائمز سب سے زیادہ خرابی پیدا کرنے والے اخبارات میں سے ہے اور یہ تاریخ میں بدترین صحافت کا ایک نمونہ ثبت کر رہا ہے۔ٹرمپ نے مزید کہا کہ اس اخبار کی اِفشا معلومات نے انکشاف کیا ہے کہ یہ روس کی ساز باز کی جھوٹی کہانی سے منتقل ہو کر اب جادوگروں کے نسل پرستی پر مبنی تعاقب کی جانب جا رہا ہے۔ٹرمپ نے نیویارک ٹائمز کے متعلق کہا کہ یہ اخبار ہماری ملکی تاریخ میں گراوٹ کی ایک نئی سطح پر پہنچ چکا ہے۔ یہ ڈیموکریٹک پارٹی کے لیے کام کرنے والی ایک شر انگیز پروپیگنڈا مشین سے زیادہ کچھ نہیں۔ اس کی رپورٹیں بے بنیاد ، جانب دار اور شرانگیز ہیں۔ یہاں تک کہ اب یہ نہایت شرم ناک مذاق کی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔ عوام اس امر سے واقف ہیں۔