اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے کشمیرکی تشویشناک صورتحال دیگرسیاسی سرگرمیاں محدودکردیں، وزیراعظم کا حکومتی کارکردگی اور سلامتی کونسل میں کشمیر ایشو پر ہونے والی پیش رفت سے متعلق قوم کو آگاہ کرنے کیلئے آج قوم سے خطاب بھی موخر کردیا
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیرکی تشویشناک صورتحال وزیراعظم عمران خان کی ترجیح بن گئی اور عمران خان نے دیگر سیاسی سرگرمیاں محدود کردیں اور آج ہونے والا دورہ لاہور منسوخ کرنے کے ساتھ آج قوم سے خطاب بھی موخر کردیا آج قوم سے خطاب میں وزیراعظم نے حکومتی کارکردگی اور سلامتی کونسل میں کشمیر ایشو پر ہونے والی پیش رفت اور تازہ ترین علاقائی صورتحال پر قوم کو اعتماد میں لینے کے ساتھ آگاہی فراہم کرنا تھی ذرائع وزیراعظم آفس کا کہنا ہے کہ وزیراعظم فوری طور پر قوم سے خطاب نہیں کریں گے۔وزیر اعظم آج بھی عالمی رہنماوں اور مختلف سربراہان مملکت سے رابطے کریں گے۔خیال رہے وزیر اعظم نے 18 اگست کو ایک سال مکمل ہونے پر قوم سے خطاب کا پلان بنارکھا تھا، جس میں وہ ایک سالہ حکومتی کارکردگی سے قوم کو آگاہ کرتے۔یاد رہے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 50 سال میں پہلی بار مقبوضہ کشمیر پر سلامتی کونسل کا اجلاس ہوا، کشمیریوں کی تکالیف کا ازالہ کرنا اور تنازعے کا حل عالمی ادارے کی ذمہ داری ہے۔واضح رہے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غاصبانہ اقدامات کے باعث صورتحال بدستور کشیدہ ہے، مقبوضہ وادی میں مسلسل کرفیوسے کھانے پینے کی اشیا اوردواؤں کی شدید قلت ہوگئی ہے۔