راولپنڈی (آن لائن) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے آزاد کشمیر کے صدر مسعود خان نے ملاقات کی‘ آرمی چیف نے صدر آزاد کشمیر کو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے آزاد کشمیر کے صدر مسعود خان نے ملاقات کی‘ ملاقات میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کے حوالے سے امور اور فائرنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات پر بات چیت کی گئی۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے مسئلہ کشمیر سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہر قسم کی مدد کرنے کے عزم کااحاطہ بھی کیا،یاد رہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی جاری ہے۔گذشتہ روز بھی بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کی تھی۔ اس حوالے سے پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں بتایا کہ موجودہ صورتحال سے توجہ ہٹانے کے لیے بھارت نے لائن آف کنٹرول پرفائرنگ میں غیر معمولی اضافہ کر دیا ہے۔بھارتی فوج کی فائرنگ سے لائن آف کنٹرول پر پاک فوج کے تین جوان شہید ہو گئے۔ شہید ہونے والے جوانوں میں نائیک تنویر، لانس نائیک تیمور اور سپاہی رمضان شامل ہیں۔ نائیک تنویر اور سپاہی رمضان کا تعلق خانیوال سے جبکہ لانس نائیک تیمور کا تعلق لاہور سے ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کے پانچ اہلکار ہلاک ہوئے۔جبکہ آج صبح ایک مرتبہ پھر سے بھارتی فورسز نے ایل او سی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پاک فوج کا ایک اور جوان شہید ہو گیا۔ ترجمان پاک فو میجر جنرل آصف غفور نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں بتایا کہ ایل او سی پر بھارتی فورسز کی فائرنگ سے پاک فوج کا مزید ایک جوان شہید ہوگیا۔انہوں نے بتایا کہ سپاہی محمد شیراز ایل او سی کے بٹل سیکٹر میں بھارتی فائرنگ کی زد میں آئے۔