اسلام آباد (این این آئی)پاکستان نے بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ کو پاکستان چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق پاکستان نے بھارت میں تعینات اپنے ہائی کمشنر کو بھی واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔قبل ازیں قومی سلامتی کمیٹی نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں لے جانے،
بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات محدود اور تجارتی تعلقات معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا جس میں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال غور کیا گیا۔اجلاس میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر داخلہ اعجاز شاہ، وزیر دفاع پرویز خٹک سمیت مسلح افواج کے سربراہان، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ایم او اور دیگر حکام شریک ہوئے۔اجلاس کے اعلامیے میں 5 فیصلوں کا ذکر کیا گیا ہے جس کے مطابق بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات محدود کرنے کا فیصلہ، بھارت کے ساتھ دوطرفہ تجارت معطل کی جائے۔اعلامیہ کے مطابق دوطرفہ معاہدوں کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا، مقبوضہ کشمیر کا معاملہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اٹھانے کا فیصلہ کیاگیا،چودہ اور پندرہ اگست کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منانے اور 15 اگست کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا گیا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے بھارت کی بہیمانہ نسلی نظریات پر مبنی پالیسیاں عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کے لیے تمام سفارتی راستے اختیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔