کراچی(این این آئی)سال بھر میں مہنگائی کا طوفان آگیا اور قیمتوں میں 10سے 100فیصد اضافہ کردیا گیا۔نئی حکومت آنے کے بعد1سال میں تمام اشیائے خورو نوش، آٹا، چینی، چاول، دالوں، سبزیوں، گھی، میدہ، پٹرول، ڈیزل، سوئی گیس، بجلی کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے،تمام اشیا غریب عوام کی قوت خریدسے باہر ہوگئی ہیں۔سال پہلے جس روز وزیر اعظم عمران خان نے وزارت عظمی کا حلف اٹھایا، اس دن اوپن مارکیٹ میں دال چنا96روپے کلو تھی آج130روپے کلو ہے،دال ماش 130 سے 180، چینی 48 روپے کلو سے73روپے،گھی پانچ کلو ڈبہ
940 روپے سے1140روپے،پٹرول 95روپے لٹر سے 117 روپے، آٹا 80کلو بوری 2900سے3600، تل کلو 150 سے 320 روپے،خشک دودھ 300سے 600روپے کلو، سوڈا 1050سے 1600روپے کلو تک پہنچ گیا ہے۔ بیشتر اشیا خورونوش کی طرح سبزیوں کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 10 سے15 فیصد اضافہ ہوا ہے۔مقامی تاجروں نے بتایا کے ان قیمتوں میں اسی ماہ مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ قیمتوں کا اس حکومت میں کوئی میکنزم نہیں بن سکا۔چھوٹا ہر دکاندار تباہ ہوگیا ہے۔کاروبار بند کرنے کی نوبت آگئی، ٹیکسوں کی بھرمار بجلی بن کر گری ہے۔