اسلام آباد (این این آئی) اسلام آباد کے مختلف علاقوں اور بلخصوص ریڈ زون میں انڈیاکی انتہا پسند ہندو تنظیم شِو سینا کے رہنما کے پیغام والے بینر لگادیئے گئے جنہیں بعد میں اتارلیاگیا،ان بینروں پر شِو سینا کے رہنما سنجے راوت کا وہ بیان لکھا تھا کہ ’آج جموں اور کشمیر لیا ہے کل بلوچستان لیں گے اور مجھے وشواس ہے کہ وزیر اعظم اکھنڈ ہندوستان کا سپنا پورا کریں گے۔‘اسلام آباد میں متنازعہ بینرز آویزاں کرنے
پر چیف کمشنر اسلام آباد نے نوٹس لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں متنازعہ بینرز آویزاں کرنے پر چیف کمشنر اسلام آباد نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دیدیا۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ذیلی ادارے ڈی ایم اے حکام کو بھی شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف کمشنر اسلام آباد نے ہدایت کی کہا کہ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے ملزمان کا سراغ لگایا جائے۔