اسلام آباد( آن لائن )چالیس فٹ اونچائی اور ساٹھ فٹ لمبائی کا حامل دنیا کا سے بڑا غباروں سے تیار کردہ قومی پرچم قومی اسمبلی ہال پر نصب کردیا گیاہے، مختلف اراکین اسمبلی کا اظہار مسرت، اپنی نوعیت کی یہ منفرد کاوش پاکستان ہندو کونسل کی طرف سے جشن آزادی کا تحفہ ہے، گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی ٹیم بھی سرگرم ہوگئی۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر رونمائی کی جائے گی، اقلیتی ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو، ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں زیرتعلیم طلباء و طالبات کو یوم آزادی 14 اگست پر پارلیمنٹ ہاؤس آنے کی دعوت. پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلی اور ممبرقومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کماروانکوانی کی طرف سے قومی اسمبلی ہال پر سفید اور ہرے غباروں سے تیار کردہ منفرد نوعیت کا قومی پرچم نصب کرنے کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں جسکو تمام پارلیمانی سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی اسمبلی کی جانب سے یکساں طور پر سراہا جا رہا ہے، اس موقع پر ڈاکٹر رمیش کمار کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک پرامن عوامی جدوجہد کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا تھا اور بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے قریبی ساتھیوں میں جوگندرناتھ منڈل اور ایس پی سنگھ جیسے غیرمسلم پاکستانی بھی شامل تھے جو اپنی آخری سانسوں تک پاکستان کے خیر خواہ رہے، ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ پاک سرزمین پر بسنے والے لاتعداد ہندو باشندوں نے آزادی کے وقت قائداعظم کی بات مانتے ہوئے پاکستان کو اپنی دھرتی ماتا بنایا، انہوں نے کہا کہ آج تمام تر مسائل کے باوجود پاکستانی ہندو وطن عزیز سے بے پناہ محبت کرتا ہے۔
ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کا مزید کہنا تھا کہ اگست کا مہینہ ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ ہم ہر قسم کے اختلافات و تعصبات کو فراموش کرکے صرف اور صرف پاکستان کی بہتری کیلئے سوچیں، ڈاکٹر رمیش نے ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں زیرتعلیم طلباء و طالبات کو 14 اگست کو پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ قومی پرچم ہندو کمیونٹی کی پاکستان سے لازوال محبت کی ایک مثال ہے.
مزید براں، ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے آگاہ کیا کہ دنیا کے طویل ترین قومی پرچم کا معائنہ کرنے کیلئے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی ٹیم بھی سرگرم ہوگئی ہے، انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان ہندو کونسل کی جانب سے نصب کردہ قومی پرچم عنقریب عالمی ریکارڈ قائم کرنے میں کامیاب ہوجائے گا.ڈاکٹر رمیش کمار نے مقبوضہ کشمیر کی تیزی سے بگڑتی صورتحال پر اپنے تبصرے میں کہا کہ پاکستان کی خصوصی جغرافیائی اہمیت ہے۔
عالمی برادری کو واضح پیغام جانا دینا چاہتے ہیں کہ پاکستانی ہندو کمیونٹی بھی دفاع وطن کیلئے ایک ہے، عالمی برادری کو سمجھنا چاہیے کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت نقصان اٹھایا ہے، دورہ انڈیا کے موقع پر بھارتی قیادت نے کشمیر پر ثالثی کے امکان کو رد کیا، ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے ٹریڈ اور فیتھ ٹورازم کے حوالے سے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال دوطرفہ تعلقات کو خراب کرے گی، ہمیں اپنی سفارتکاری کو تیز کرنا چاہیے، امریکہ کو انڈیا پر باور کرانا چاہیے کہ افغانستان میں قیام امن پاکستان کے بغیر ممکن نہیں، دو ایٹمی طاقتوں کے مابین جنگ کے شعلے دنیا بھر کو لپیٹ میں لے سکتے ہیں، ڈاکٹر رمیش کمار کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، پاکستان کی سلامتی کی خاطر ہم سب ایک ہیں.