لاہور (آن لائن) صوبائی حکومت نے سیکرٹری سے شدید اختلافات پر محکمہ سیاحت کے منیجنگ ڈائریکٹر احمر ملک کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے جبکہ سیاسی بنیادوں پر بننے والے چیئرمین کی فرمائش پر کرپٹ ترین پی سی ایس افسر تنویر جبار کو ایم ڈی ٹورازم تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
محکمہ سیاحت کے ایم ڈی کی تقرری موجودہ صوبائی حکومت کا انوکھا کارنامہ قرار دیا جا رہا ہے۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ محکمہ سیاحت پنجاب میں انتظامی عہدوں پر تعینات ذمہ داران کے مابین گزشتہ چند ماہ سے مختلف منصوبوں کے فنڈز کی بندر بانٹ اور دیگر وجوہات کی بناء پر کشیدگی کا سلسلہ جاری تھا، سیکرٹری اور ایم ڈی کے درمیان اختلافات بھی عام تھے جبکہ نیب کی جانب سے محکمہ سیاحت کے گزشتہ 10 برسوں کے دوران بنائے جانے والے منصوبوں کی تحقیقات بھی کی جا رہی ہے۔ مذکورہ تحقیقات کے حوالے سے سیکرٹری اور ایم ڈی کے اختلافات میں شدت آ گئی جبکہ چیئرمین کی طرف سے بھی ایم ڈی احمر ملک کی شدید مخالفت کی جا رہی تھی، اس صورتحال پر صوبائی حکومت نے گزشتہ روز ایم ڈی ٹورازم احمر ملک کو تبدیل کر دیا اور ان کی جگہ تقرری کے منتظر تنویر جبار کو ایم ڈی ٹورازم تعینات کر دیا گیا ہے، ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ اس سے قبل تنویر جبار محکمہ سیاحت پنجاب میں جی ایم کے عہدے پر ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں، ان کے خلاف بطور جی ایم ٹورازم تعیناتی کے دوران جیپ ریلی چولستان فیسٹیول میں مالی بدعنوانیوں کے انکشاف پر اینٹی کرپشن پنجاب میں طویل عرصہ سے تحقیقات جاری ہیں۔