اسلام آباد (این این آئی)جموں و کشمیر میں بھارتی غیر قانونی اعلان کے معاملہ پاکستان نے بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔ پیر کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجے بساریہ کو سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے طلب کر کے شدید احتجاج کیا۔ ترجمان نے بتایاکہ سیکرٹری خارجہ نے بھرپور احتجاجی مراسلہ بھارتی ہائی کمشنر کے حوالے کیا۔
پاکستان نے بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے اعلان پر بھرپور احتجاج کیا۔ ترجمان نے کہاکہ سیکرٹری خارجہ نے بھارتی ہائی کمشنر کو پاکستان کی طرف سے تحفظات سے آگاہ کیا۔ ترجمان کے مطابق بھارتی اقدام عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے جسے پاکستان صریحاً مسترد کرتا ہے،پاکستان بھارت کے غیر قانونی ہتھکنڈوں کو مسترد کرتا ہے۔ مراسلہ میں کہاگیاکہ بھارتی ایسے ہتھکنڈوں سے کشمیر پر قبضہ نہیں کر سکتا۔ جاری بیان کے مطابق سیکرٹری خارجہ نے کہاکہ بھارت کی طرف سے اس اعلان کے پیشِ نظر کئے جانے والے اقدامات کی مذمت کرتے ہیں۔ سیکرٹری خارجہ نے کہاکہ بھارت نے اعلان سے قبل مقبوضہ کشمیر میں مکمل کرفیو نافذ کیا اور اضافی 180,000 فوجی تعینات کئے۔ سیکرٹری خارجہ نے کہاکہ بھارت نے حریت قیادت کو نظر بند کیا اور تمام مواصلاتی رابطے منقطع کئے۔ سیکرٹری خارجہ نے کہاکہ بھارتی اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ سیکرٹری خارجہ نے کہاکہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب میں تبدیلی کے ارادوں کی مسلسل مخالفت کرتا ہے۔ سیکرٹری خارجہ نے مطالبہ کیا کہ بھارت غیر قانونی اور بدنیتی پر مبنی فیصلے واپس لے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کسی بھی ایسے اقدام سے باز رہے جس سے صورتحال مذید خراب ہونے کا اندیشہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔