کراچی (آن لائن)سندھ کابینہ میں ردوبدل، دو متحرک وزراء اپنی وزارتوں سے ہاتھ دھوبیٹھے، وزیربلدیات سعید غنی اور وزیرتعلیم سردار شاہ کو ان کی وزارتوں سے ہٹادیا گیا ہے۔سعید غنی کی جگہ سید ناصر حسین شاہ کو وزیر بلدیات بنادیا گیا ہے۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر کچھ وزارتوں کے قلمدان میں تبدیلیاں کی گئیں ہیں۔سابق وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال کو محکمہ آبپاشی کا قلمدان دے دیا گیا ۔
جبکہ پیپلزپارٹی رہنما کے پاس اینٹی کرپشن کا اضافی چارج بھی ہوگا۔پارٹی کے سینیئر رہنما نثار کھوڑو کو محکمہ ورکس اینڈ سروسز کا قلمدان دے دیا گیا اور اعجاز شاہ شیرازی کو سوشل ویلفیئر کا مشیر تعینات کردیا گیا۔ بنگل خان مہر اسپورٹس اور یوتھ افئیرز کے وزیر ہوگئے۔سابق وزیربلدیات سعید غنی اور سابق وزیرتعلیم سردار شاہ صوبائی کابینہ کے متحرک وزراء میں شمار ہوتے تھے تاہم حکومت ان کی کاکردگی سے خوش نہیں تھی۔