تہران (این این آئی)ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے ایک مرتبہ پھر حج کو سیاسی رنگ دینے کا بیان داغ دیا ہے اور حج کو ایک سیاسی کام قرار دیا ہے۔ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ حج کو سیاسی نہ بنانا ایک بڑی غلطی تھی اور مجبوروں ومقہوروں کی مدد کرنا اسلامی ذمے داری ہے۔
خامنہ ای نے سعودی عرب سے مطالبہ کیا کہ وہ عازمینِ حج کے تحفظ کو یقینی بنائے لیکن ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ حج کو سیاسی رنگ دینے کی مخالفت یا اس عمل سے روکنا دین مخالف فعل ہے۔خامنہ ای کا کہنا تھا کہ عازمین حج کو سکیورٹی مہیا کرنے کے لیے سعودی عرب پر بھاری ذمے داری عاید ہوتی ہے لیکن اس کو اس مقصد کے لیے’ سکیورٹی مرتکز ‘ماحول نہیں بنانا چاہیے۔