لاہور(این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے شریف خاندان کی جانب سے نواز شریف کیلئے گھر کے کھانے پر پابندی کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ روز بھی انہوں نے گھر سے بھجوائے گئے کریلے گوشت، سادہ چاول اور شوربہ گوشت کھایا ہے،دل کے عارضہ میں مبتلا نواز شریف کو گھر سے جس طرح کا کھانا دیا جارہا ہے وہ ان کیلئے انتہائی نقصان دہ ہے، غذائی ماہرسمیت دیگر ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دے رہے ہیں
جو ان کی غذا کا تعین کرے گا اور انہیں گھر سے کھانے کی بجائے جیل میں باورچی فراہم کیا جائے گا، ڈاکٹر عدنان بنیادی طور پر ماہرا مراض قلب نہیں انہیں صرف جیل سے واپس آکر غلط بیانی کرنے کیلئے رکھا گیا ہے، نواز شریف کو جیل میں پچاس سے سو گز کے فاصلے پرصحت کی جو سہولتیں میسر ہیں وہ صدر مملکت، وزیر اعظم، آرمی چیف اور چیف جسٹس آف پاکستان کو بھی میسر نہیں ہیں۔ 90شاہراہ قائد اعظم پر ڈاکٹر مراد راس اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ نواز شریف جس جرم میں قید کی سزا کاٹ رہے ہیں پوری قوم اس سے آگاہ ہے۔ بیگم مریم صفدر اعوان ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کو کارڈیالوجسٹ کے طو رپر متعارف کراتی ہیں حالانکہ وہ ماہرا مراض قلب نہیں۔ وہ جیل میں جاتے ہیں وہاں کوئی چیک اپ نہیں کرتے اور گپ شپ لگانے کے بعد باہر آ کر پیشہ وارانہ بیان کی بجائے غلط بیانی کرتے ہیں او رایسی رپورٹس ہوا سے نکالتے ہیں جن کا لیب سے کوئی لینا دینا نہیں ہوتا۔ ڈاکٹر عدنان ان کے فیملی ممبر نہیں ہیں اور ویسے بھی میل مینوئل کے مطابق جب سرکاری ڈاکٹرز موجود ہیں تو کسی کو باہر سے ڈاکٹر منگوانے کی اجازت نہیں ہوتی۔امراض قلب کے ڈاکٹروں کی قلت کے باوجود نواز شریف کے ہفتے میں 21ڈاکٹرز موجود ہوتے ہیں جبکہ ان کیلئے کارڈیو یوسنٹر کی سہولت بھی ہے، نواز شریف واحد پاکستانی سیاستدان ہیں جنہیں وہ سہولتیں میسر ہیں جوکسی اور اعلیٰ حکومتی شخصیات کو میسر نہیں۔ مریم صفدر اعوان نے وہ الفاظ استعمال کئے جو ملک دشمن حکومت کے بارے میں استعمال کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ
گزشتہ روز بھی جھوٹ بولا گیا کہ نواز شریف سے گھر سے کھانے پر پابندی عائد کر دی ہے،انہیں گزشتہ روز بھی گھر سے کھانا ملا ہے۔انہوں نے میڈیا کے نمائندوں کو جیل ریکارڈ کے مطابق نواز شریف کے لئے آنے والے 15دنوں کے کھانے کی فہرست میں فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کوخوراک دی جاتی ہے جیل کے ڈاکٹرز بھی اس پریشان ہیں،جس شخص کے دل کا ایک وال 90فیصد بند ہو اورو ہ 70سال کی عمر میں ہو اسے روز چکن دیا جارہا ہے۔ جیل ریکارڈ کے مطابق
ان 15دنوں میں ان کیلئے کریلے گوشت، پالک گوشت، بینگن گوشت اور انڈے چلے رہے ہیں۔ ہم نے گفت و شنید ہی کی کہ ایک غذائی ماہر،ذیابیطس سمیت دیگر ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ بنایا جائے جونواز شریف کی صحت کے مطابق ان کی غذا کا تعین کرے کہ انہیں کون سے غذا کھانی چاہیے۔ ہم سو چ رہے ہیں کہ انہیں جیل مینوئل کے مطابق ایک باورچی دیدیا جائے اور باقی اجزاء ان کے گھر سے آئیں کیونکہ انہیں گھر سے کھانے کی سہولت ایک اضافی سہولت ہے۔
گزشتہ روز بھی نواز شریف نے گھر سے آیا ہوا کریلے گوشت، سادہ چاول اور شوربہ گوشت کھایا ہے اور ان کے چھوٹے بھائی جنہیں جھوٹ بولنے میں پنجاب سپیڈ کہتے ہیں نے ببانگ دہل یہ بیان دیا ہے کہ گھر سے کھانا بند کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اصل میں مسلم لیگ (ن) ا ے پی سی کی ناکامی کی وجہ سے پریشان ہے۔ہمارے پاس نمبر ز پورے ہیں اور ہمیں کسی ہارس ٹریڈنگ کی ضرورت نہیں، اگر ہمیں ضرورت ہوتی تو ہم ایک یا دو بندوں کی ویڈیو جاری کرتے، ہمیں ہرگز نمبرز گیم یا
تحریک عدم اعتماد کا سامنے نہیں، بجٹ کی منظوری میں بھی مسئلہ نہیں ہوا ور پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار پندرہ منٹ میں بجٹ منظور کر لیا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کرنے والوں نے اپنے حلقوں کے مسائل بتائے ہیں کیونکہ عمران خان صرف پی ٹی آئی کے نہیں بلکہ پورے ملک کے وزیر اعظم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز بیگم مریم صفدر اعوان نے بولتا تھاچونکہ ان کے چچا بول گئے اس لئے وہ چپ رہیں۔شریف خاندان میں دوری ہے اور چھوٹے بھائی حمزہ ویسے ہی غائب ہیں۔
(ن) لیگ میں اختلافات کی وجہ سے ان کے ممبران بھی پریشان ہیں اور مریم صفدر اعوان نواز شریف کی صحت کو سیاست کیلئے استعمال کر رہی ہیں۔ انہوں نے صحافیوں کو پیشکش کی کہ آپ ایک وقت طے کریں اور مجھے صبح نو بجے اطلاع کریں میں آ پ کے ساتھ جیل چلوں گا اور وہاں لنچ کریں گے اور آپ دیکھیں گے کہ جیل کا کچن کیسا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اینٹی نارکوٹکس فورس ایک قومی ادارہ ہے، رانا ثنا اللہ کے معاملے پر سیاست کی جارہی ہے۔ یہ مذاق کیا جارہا ہے کہ پچاس گرام منشیات ڈال کر مخالف کو اندر کر دیا گیا۔ اے این ایف قومی ادارہ ہے اس نے کارروائی کی ہے،اس کے اپنے ایس او پیزہیں۔