اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر پارلیمانی امور سینیٹر اعظم سواتی نے چیئرمین سینٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کی تیاری مکمل ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اعظم سواتی نے کہاکہ ریاست اور اس کے ادارے اس وقت اس تبدیلی کے متحمل ہی نہیں ہوسکتے، ریاست اور اس کے اداروں کا بچانا ہے۔اعظم سواتی نے کہاکہ اس وقت اس نان ایشو کو ایشو نہیں بنانا چاہیے،چیئرمین سینٹ بہترین ایوان چلا رہے ہیں۔اعظم سواتی نے کہاکہ جب صادق سنجرانی کو چیئرمین بنایا گیا تھاتو بلوچستان کی محرومیوں کو دور کرنے
کیلئے بنایا گیا،اب اگر ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد آتی ہے تو بلوچستان کے زخموں پر پٹی تو نہیں بندھے گی۔ صحافی نے سوال کیا کہ تحریک عدم اعتماد آجاتی ہے تو کیا انتظام کیا ہے۔اعظم سواتی نے کہاکہ آپ فکر نہ کریں جب ریاست کو بچانا ہے تو اداروں کو بچانا ہے۔ اعظم سواتی نے کہاکہ ہم تمام دوستوں کے پاس جائیں گے،چیئرمین سینیٹ کی بہترین کارکردگی ہے۔ انہوں نے کہاکہ چیئرمین سینیٹ کی کارکردگی سے مکمل طور پر مطمئن ہیں۔ اعظم سواتی نے کہاکہ سینیٹ بہترین انداز میں چل رہا ہے سب کو تحمل سے کام لینا چاہیے۔