ماسکو(این این آٗی)سعودی عرب اور روس نے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں استحکام کے لیے اوپیک اور غیر اوپیک ممالک کے درمیان تیل کی پیداوار میں کٹوتی کے سمجھوتے میں توسیع سے اتفاق کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق روسی صدر ولادی میر پوتین نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے
کہا کہ روس اور سعودی عرب اس ڈیل میں توسیع کریں گے لیکن اس میں اور کتنی توسیع کی جائے گی ؟اس کے بارے میں ہم سوچیں گے۔یہ چھے یا نو ماہ کے لیے ہوگی۔یہ ممکن ہے کہ اس میں نو ماہ کے لیے توسیع کی جائے۔روسی صدر نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات میں توانائی کی مارکیٹ میں استحکام کے لیے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔انھوں نے جی 20 کے آیندہ سربراہ اجلاس کے سعودی عرب میں انعقاد کی حمایت کا اظہار کیا ۔انھوں نے اوپیک اور غیر اوپیک کے اجلاس سے قبل کہا کہ وہ شاہ سلمان کے سعودی عرب میں آیندہ سال جی 20 کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے دعوت نامہ دینے پر شکر گزار ہیں۔صدر پوتین نے مزید کہا کہ روس 2020ء میں جی 20 کی صدارت کے لیے سعودی عرب کی حمایت کرتا ہے۔روسی وزیر تیل الیگزینڈر نوواک نے ایک بیان میں کہا کہ ان کے ملک کی سعودی عرب کے ساتھ خام تیل کی پیداوار میں کٹوتی کے لیے ڈیل سے دونوں ممالک کے مارکیٹ میں استحکام لانے کے عزم کا اظہار ہوتا ہے۔