اسلام آباد (این این آئی) تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح ڈیڈ لیول تک پہنچ گئی،شمالی علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی کے باعث برف پگھلنے کا عمل سست ہونے سے دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ 50ہزار کیوسک کم ہوگیا۔ارسا کے مطابق صوبہ سندھ میں پانی کی طلب بڑھنے کے باعث تربیلا ڈیم میں پانی ذخیرہ نہیں ہو رہا اور وہاں پانی کی سطح ڈیڈ لیول تک پہنچ گئی ہے جبکہ سندھ کی پانی کی ضرورت پوری کرنے کیلئے پانی منگلا ڈیم سے فراہم کیا
جا رہا ہے۔ انڈس ریور سسٹم اتھارٹی نے کہا ہے کہ دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ بہتر ہونے کیلئے سکردو میں درجہ حرارت 30سینٹی گریڈ ہونا ضروری ہے مگر سکردو میں آج کل درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 18سینٹی گریڈ ہے۔شمالی علاقوں میں درجہ حرارت کم ہونے پر برف پگھلنے کا عمل سست ہوگیا ہے۔ بلوچستان کوبھی 60فیصد پانی کی کمی کا سامنا ہے۔پنجاب کو ایک لاکھ 26ہزار اور سندھ کو ایک لاکھ 40ہزار کیوسک پانی فراہم کیا جارہا ہے۔